نیویارک(اے ون نیوز) سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا جہاں وہ انتخابی ریلی کے شرکاءسے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے، گولیاں لگنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و حراس پھیل گیا۔
واقعے کے حوالے سے امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں، سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ریلی میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، فائرنگ کرنے والے کا ابھی تک کچھ علم نہیں ہو سکا جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے پر بریفنگ نہیں دی گئی۔