اسلام آباد (اے ون نیوز) سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے عائد کیے جانیوالے الزامات پر ردعمل جاری کردیا ہے۔
جنرل (ر) باجوہ نے معروف صحافی محمد مالک سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے بشریٰ بی بی کے الزامات کی تردید کی ہے، جنرل (ر) باجوہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دورے کے بعد کوئی کال نہیں آئی۔
خیال رہے کہ بشریٰ بی بی نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان مدینہ سے واپس آئے تو جنرل باجوہ کو سعودی عرب سے کال آئی کہ یہ کس کو لے آئے ہو، ہم تو شریعت کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں، تم شریعت کے ٹھیکے دار لے آئے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے جاری ہونیوالے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد میرے سے متعلق گند ڈالنا شروع کردیا گیا جبکہ عمران خان کو بھی یہودی ایجنٹ قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ بات کبھی سرعام نہیں بتائی، یہ ساری باتیں جنرل (ر) باجوہ اور ان کی اہلیہ نے کسی کو بتائی تھیں جہاں سے یہ باتیں عمران خان تک بھی پہنچیں، کچھ اداروں کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی تھی۔