اہم خبریںتازہ ترینٹیکنالوجی

دنیا بھر میں ’ایکس‘ کی سروس متاثر،ایلون مسک نے خاموشی توڑ دی

سیلیکون ویلی(اے ون نیوز)گزشتہ روز وقفے وقفے سے تعطل کے شکار ’’ایکس‘‘ کی سروس آج بھی بری طرح متاثر رہی ہے اور صارفین کو گھنٹوں رسائی میں دشواری کا سامنا رہا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا کے تقریباً تمام ہی ممالک میں موبائل ایپ اور ڈیسک ٹاپ پر ایلون مسک کی ایکس (سابق ٹوئٹر) کے استعمال میں انتہائی مشکل کا سامنا ہے۔

اس صورت حال سے صارفین شدید پریشانی اور کوفت میں مبتلا ہیں۔ دنیا بھر سے ہزاروں صارفین نے شکایات درج کرائی ہیں۔

صارفین کو ویب سائٹ پر لاگ ان ہونے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ ڈیسک ٹاپ پر مکمل فیڈ غائب ہے اور صرف “ری ٹرائی” کا آپشن دکھائی دے رہا ہے۔

تاحال ’’ایکس‘‘ انتظامیہ کی جانب سے اس خرابی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ سروس گھنٹوں متاثر رہنے کے بعد آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہو رہی ہے۔

سروس کی بحالی کے فوراً بعد ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے اس تعطل کا اعتراف کیا۔

ایلون مسک نے اس پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ "جس طرح اس ہفتے ‘ایکس’ کی سروس متاثر ہوئی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں بہتری کے لیے انقلابی آپریشنل کی اشد ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ دوبارہ کام پر مکمل طور پر متحرک ہو چکے ہیں اور آئندہ اہم منصوبوں کے پیش نظر خود کو "سپر فوکسڈ” رکھنے کی ضرورت ہے۔

یلون مسک نے مزید کہا کہ میں اب ہمہ وقت کام میں مصروف ہوں، کانفرنس روم، سرور روم اور فیکٹری میں سونا معمول بن گیا ہے۔ مجھے X، xAI، ٹیسلا اور اگلے ہفتے اسٹارشپ لانچ پر بھرپور توجہ دینی ہے کیونکہ کئی اہم ٹیکنالوجیز جلد متعارف ہونے والی ہیں۔

خیال رہے کہ جن 25 ہزار صارفین نے تحریری طور پر ایکس کی سروس ڈاؤن کی شکایت کی تھی ان میں سے 68 فیصد صارفین کو لاگ اِن ہونے، 24 فیصد کو ایپ میں مسائل اور 8 فیصد نے ویب سائٹ کی خرابی کی شکایت کی۔

ایکس کی سروس تقریباً تمام ہی ممالک میں متاثر رہی لیکن امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بھارت، متحدہ عرب امارات اور یورپی ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

پاکستان میں ایکس کی سروس وقفے وقفے سے متاثر رہی ہے جس پر پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہے البتہ ایکس کی اپنی سروس دنیا بھر میں متاثر ہے۔

یہ اس سال کا دوسرا بڑا تعطل ہے اس سے قبل 10 مارچ کو ایک اور بڑی خرابی ہوئی تھی جسے ایلون مسک نے "بڑے سائبر حملے” کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

معروف ٹیک ویب سائٹ Wired کی رپورٹ کے مطابق حالیہ سروس متاثر ہونے کی ممکنہ وجہ امریکا کی ریاست اوریگن میں واقع ایک ڈیٹا سینٹر میں آگ لگنا ہے۔

یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا جب ایک کمرے میں موجود بیٹریوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ہنگامی حالات پیدا ہو گئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button