
ریاض(اے ون نیوز)سعودی حکام نے سعودی عرب میں شراب کی فروخت کی اجازت دینے کے منصوبے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔
عرب میڈیا نے سعودی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دعوؤں کی کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ مملکت کی موجودہ پالیسیوں اور قوانین کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ذرائع نے شراب سے متعلق غیر مسلم سفارت کاروں کے لیے بنائے گئے قواعد پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے سفارتی شپمنٹس کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے نیا فریم ورک متعارف کرایا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس فریم ورک کے تحت غیر مسلم ممالک کی سفارت خانوں کو اب سفارتی شپمنٹس کے ذریعے شراب یا دیگر ممنوعہ اشیا درآمد کرنے کی اجازت نہیں ہے تاہم مخصوص قوانین کے تحت محدود رسائی ممکن ہے تاکہ اس کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔