عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا جس کی تصدیق ان کے بھتیجے اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی راشد شفیق کی جانب سے کی گئی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کے بھتیجے راشد شفیق کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق وفاقی وزیر کو 12 بج کر 40 منٹ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا ہے ، شیخ رشید کے عملے نے انہیں کال کر کے گرفتاری کی اطلاع دی، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری رہائش گاہ پر پہنچی، پولیس یہ نہیں بتا رہی کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو کس تھانے میں لے جایا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ کی درخواست دی گئی تھی اور سابق وفاقی وزیر کو تھانہ آبپارہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی مذمت کی جا رہی ہے۔