
لندن(اے ون نیوز)پاکستانی مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اداکارہ ایشوریا رائے سے شادی کے حوالے سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔
وائرل کلپ میں مفتی قوی کا کہنا ہے کہ ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی صورتِ حال پیدا ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر ایسا ہوتا ہے تو”دو سے چار ماہ کے اندر ایشوریا رائے کی طرف سے مجھے شادی کی پیشکش آ سکتی ہے۔“
میزبان نے جب پوچھا کہ ایک غیر مسلم خاتون سے شادی کیسے ممکن ہوگی، تو مفتی قوی نے راکھی ساونت کی مثال دی اور کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا نام فاطمہ رکھا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے ایشوریا رائے کو مسلمان بنائیں گے اور ان کا نام عائشہ رائے رکھیں گے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل مفتی عبدالقوی نے راکھی ساونت کو بھی شادی کی پیشکش کی تھی، جس پر راکھی نے کہا تھا کہ ”مفتی قوی کو سنبھالنا آسان نہیں، وہ بہت مختلف ہیں۔“




