
لاہور(اے ون نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سپرایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں شان دار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ریکارڈ قائم کیا جبکہ وہ میچ نہیں جتوا سکے۔
سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ ٹی20 کے سپرایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے گروپ ٹو کے اہم میچ میں پاکستان کو باآسانی دو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ پاکستان کو امکانات کم ہوگئے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور کپتان سمیت صائم ایوب نے ناقص بیٹنگ کی اور شروع میں ہی انگلش بولنگ کے لیے ترنوالہ ثابت ہوئے۔
صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 63 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، بابراعظم اور فخرزمان نے 25،25 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شان دار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو شان دار کامیابی دلائی اور 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بہترین آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی تھی لیکن دیگر بولرز ان کا ساتھ نہیں دے پائے اور قومی ٹیم ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اچھے آغاز کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکی۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور کے کوٹے میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ توڑ دیا۔
شاہین شاہ آفریدی ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ فاسٹ بولر حارث رؤف کے پاس تھا جنہوں نے 94 میچوں میں 133 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 102 میچوں میں سب سے زیادہ 135 وکٹیں حاصل کرلی ہیں، حارث رؤف 133 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، شاداب خان نے 123 ٹی20 میچز کھیلے ہیں اور 114 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی 98 میچ کھیل کر 96 وکٹوں کے ساتھ چوتھے، محمد نواز 91 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹی20 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ افغانستان کے اسپنر راشد خان ہیں، جنہوں نے صرف 115 میچوں میں 193 وکٹیں حاصل کی ہیں، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 126 میچوں میں 164 وکٹیں کے ساتھ موجود ہیں۔
پاکستان کا کوئی بولر دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سرفہرست 10 بولرز میں شامل نہیں ہے۔
انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاداب خان اور سلمان مرزا نے نویں وکٹ میں 15 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت کا بھی ریکارڈ بنایا جبکہ سعید اجمل اور عمر گل کی 13 رنز کی شراکت کا ریکارڈ بنایا تھا۔




