
لاہور(اےو ن نیوز)لاہور میں کالے بادلوں نے شام میں رات کردی۔ موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری سے موسم خوش گوار مگر بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
لیسکو ریجن میں 170 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ کوٹ رادھا کشن میں دیواریں گرنے سے دو بچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
لاہور میں سورج شام سے پہلے ہی گہرے بادلوں کی اوٹ میں چلا گیا۔ اس کے بعد آندھی اور موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔
مزنگ چونگی، مال روڈ، گڑھی شاہو، ہربنس پورہ، صحافی کالونی سمیت پورے لاہور میں بادل کھل کر برسے۔ نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گلبرگ، جیل روڈ، گجومتہ اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں اولے بھی پڑے۔
قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں آندھی اور بارش سے دیواریں گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
بارش اور شدید آندھی سے لیسکو ریجن میں درجنوں فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔ بارش رکنے کے بعد لیسکو حکام نے ٹرپ ہونے والے فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا۔




