
اسلام آباد (اے ون نیوز) ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکہ اور ایران کے درمیان شدید اختلافات برقرار ہیں۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تحریری پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، جس کا مقصد بات چیت کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک تک پہنچنا ہے۔
تسنیم نے پاکستان کے دارالحکومت میں موجود اپنے نمائندے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ مذاکرات میں پیش رفت کو واشنگٹن کے “معمول کے مطابق حد سے زیادہ مطالبات” نے سست کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشاورت کا عمل تاحال جاری ہے، تاہم بعض اہم معاملات پر اختلافات بدستور موجود ہیں۔
خبر رساں ایجنسی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ ان اہم نکات میں شامل ہے جہاں دونوں فریقین کے درمیان سنجیدہ نوعیت کے اختلافات پائے جاتے ہیں، جس کے باعث کسی حتمی پیش رفت میں رکاوٹ درپیش ہے۔




