اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی، شاندار استقبال

مدینہ منورہ(اے ون نیوز)پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز آج کراچی سے مدینہ منورہ پہنچی تو مدینہ ائیرپورٹ پر 155 عازمین کا پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔

ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے استقبال کیا۔ ترجمان کے مطابق عازمین حج پر پھول نچھاور کیے گئے اور تحائف پیش کیے گئے جبکہ سعودی ثقافتی خوش آمدیدی نغموں اور دف کی تھاپ نے فضا کو مزید روحانی اور یادگار بنا دیا۔

عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کر دی گئی جس میں عازمین کے آرام اور سہولت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

مہمان نوازی کے تحت عازمین کی تواضع مشروبات اور کھجور سے کی گئی اور معیاری ناشتہ بھی پیش کیا گیا، انتظامات کی نگرانی اعلیٰ حکام نے خود کی تاکہ ہر مرحلے پر معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

عبادات اور نقل و حرکت میں دشواری سے بچنے کیلئے عازمین کو نسک کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔

عازمین نے بہترین انتظامات پر وزارتِ مذہبی امور پاکستان اور حج مشن پاکستان کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ تک سفر کے تمام انتظامات نہایت خوش آئند اور تسلی بخش رہے جس سے ان کے مقدس سفر کا آغاز خوشگوار انداز میں ہوا۔

حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کیلئے بھی اسی طرز کے مؤثر اور مربوط انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مختلف شعبہ جات کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ ہر عازمِ حج کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button