
اسلام آباد(اے ون نیوز) وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافی اور دفاعی امور کے ماہر فخر الرحمان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے سائبر کرائم ونگ (NCCIA) نے حراست میں لے لیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق انہیں کچھ دیر قبل ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
صحافی عمیر کا کہنا ہے کہ فخر الرحمان کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کی جانے والی بعض ٹویٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم، اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ گرفتاری کے وقت پولیس یا ایف آئی اے کی جانب سے ٹویٹس کے مواد یا الزامات کی کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
فخر الرحمان کا شمار پاکستان کے انتہائی تجربہ کار اور دلیر صحافیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک دفاعی امور کی کوریج کی ہے اور وہ شہید صحافی ارشد شریف کے قریبی ترین دوستوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ صحافتی حلقوں میں انہیں ایک باکردار اور نڈر آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔




