اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

میر رضا کیس، قبر کشائی بورڈ کی حتمی رپورٹ جاری، اہم انکشافات سامنے آ گئے

کراچی(اے ون نیوز) کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کی فائنل ایگزامیشن رپورٹ نے خودکشی کے بیانیے پر بڑا سوال کھڑا کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق میر رضا کی موت سینے میں لگنے والی گولی سے دل پھٹنے کے باعث ہوئی۔

میر رضا کیس میں پولیس سرجن کراچی کی سربراہی میں قبر کشائی کرنے والے میڈیکل بورڈ کی فائنل ایگزامینیشن رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا کہ گولی میر رضا کے کمر کے اوپری بائیں حصے سے داخل ہوئی اور جسم کے اندر سے گزرتی ہوئی سینے کے اگلے بائیں حصے سے باہر نکلی۔

رپورٹ کے مطابق گولی کے راستے میں چھٹی پسلی ٹوٹ گئی جب کہ پھیپھڑا شدید متاثر ہوا اور میر رضا کے سینے میں خون جمع ہونے کے علاوہ دل پر دو زخم بھی پائے گئے جب کہ میڈیکل بورڈ نے قرار دیا کہ گولی لگنے سے دل پھٹنے کے باعث موت واقع ہوئی۔

حتمی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمر کی جانب موجود گولی کے انٹری پوائنٹ پر گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) کی مقدار زیادہ پائی گئی جب کہ شرٹ پر موجود گولی کے سوراخوں کے اطراف بھی گن شاٹ ریزیڈیو موجود تھا۔

فائنل ایگزامینیشن رپورٹ کے مطابق میر رضا کی موت سے متعلق شواہد خودکشی کے بیانیے سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں میر رضا کے سر پر چوٹ اور کھوپڑی کے ایک حصے میں فریکچر بھی درج کیا گیا ہے۔

ٹاکسی کولوجی رپورٹ کے مطابق میر رضا کے نمونوں میں بیوپی ویکین (Bupivacaine) نامی لوکل اینستھیٹک دوا کی موجودگی پائی گئی تاہم دیگر نمونوں میں کوئی نشہ آور، نفسیاتی یا زہریلا مادہ نہیں ملا۔

ڈی این اے رپورٹ میں بھی میر رضا کی شناخت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاش سے حاصل کیے گئے جینیاتی نمونے مقتول کے والدین کے جینیاتی نمونوں سے 100 فیصد مطابقت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب میر رضا قتل کیس میں سندھ پولیس کی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم کو قبر کشائی کے بعد کیے گئے دوسرے پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ آج 31 اگست 2026 کو موصول ہو گئی ہے۔

مفاد عامہ اور تحقیقاتی پیش رفت کے پیش نظر موصولہ رپورٹ کو عوام کے سامنے لایا جا رہا ہے، تحقیقاتی ٹیم رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم فرانزک اور میڈیکل رپورٹ میں سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button