
راولپنڈی(اے ون نیوز)اڈیالہ جیل میں 10 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے لندن سے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو اڈیالہ جیل بلایا گیا، میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا انزائٹی لیول تھری پلس قرار دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ میں چار ڈاکٹر شامل تھے۔ ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف میڈیکل ٹیم کا حصہ تھے۔
رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا انزائٹی لیول تھری پلس قرار دیا تھا، میڈیکل بورڈ نے بلڈ پریشر اور انزائٹی لیول کنٹرول کرنےکے لیے روزانہ ایک گھنٹہ واک کی سفارش کی تھی، بانی پی ٹی آئی کو فیملی سے ملاقات، اخبار، ٹی وی اور کتابیں فراہم کرنےکی بھی سفارش کی گئی تھی۔
میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے ملاقاتوں میں اضافےکی سفارش بھی کی تھی۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کا نام بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے حالیہ مذاکراتی عمل میں بھی سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فرقاد عالمگیر نے بانی پی ٹی آئی کی بلڈ پریشر کی دوائی تبدیل کی تھی، ڈاکٹر فرقاد علی کی اڈیالہ جیل آمد کے بارے پارٹی لیڈر شپ اور فیملی آگاہ تھی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنےکے لیے میڈیکل بورڈ وفاقی حکومت نے تشکیل دیا تھا، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی اڈیالہ جیل میں جمع کروائی گئی تھی۔




