اہم خبریںتازہ تریندنیا

ریاض ائیرپورٹ پر دھماکہ، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات، رائٹرز

ریاض(اے ون نیوز)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتے کو حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جب کہ ایئرپورٹ کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔

سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حملے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقصان کا جائزہ لینے اور ایئرپورٹ کی تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے آپریشنز عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی درست تعداد کا تعین کیا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، ابتدائی طور پر دو عینی شاہدین اور معاملے سے باخبر دو افراد نے ایئرپورٹ پر دھماکے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے دھماکے کے بعد ایئرپورٹ کے اندر متعدد افراد کو زخمی حالت میں زمین پر پڑے دیکھا، جب کہ ایک درجن سے زائد ایمبولینسز ایئرپورٹ کی جانب جاتی دکھائی دیں۔

دریں اثنا، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی وزارتِ صحت نے ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں کو فوری طور پر اسپتالوں میں پہنچنے کی ہدایت کی۔ طبی ذرائع کے مطابق ریاض کے مختلف اسپتالوں میں ایمرجنسی عملے کو طلب کیا گیا اور زخمیوں کو منتقل کیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق، حملے میں ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینلز 3 اور 4 کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد مسافروں کو ایئرپورٹ سے نکالا گیا اور پروازوں کو دوسرے ایئرپورٹس کی جانب موڑنے یا منسوخ کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی بعض پروازوں کی معطلی یا تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مدد اور ضروری رہنمائی کے لیے متعلقہ ممالک میں سعودی عرب کے سفارتی مشنز سے رابطہ کریں۔

یہ واقعہ سعودی عرب پر یمن کے حوثی گروپ کے میزائل حملوں میں اضافے کے دوران پیش آیا ہے۔ ریاض ایئرپورٹ کو رواں ہفتے اس سے پہلے بھی دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان واقعات میں چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے، جب کہ ایک طیارے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی بعض پروازوں کی معطلی یا تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مدد اور ضروری رہنمائی کے لیے سعودی عرب کے سفارتی مشنز سے رابطہ کریں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ریاض جانے والی تمام پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا یا انہیں منسوخ کردیا گیا۔ ایک موقع پر ایئرپورٹ کے اوپر صرف ایک ہیلی کاپٹر پرواز کرتا دکھائی دیا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں اور پروازوں کی تازہ صورتِ حال معلوم کریں۔

کویت ایئرویز نے ریاض ایئرپورٹ کی بندش اور وہاں سیکیورٹی صورتِ حال کے باعث سعودی دارالحکومت آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اتحاد ایئرویز، قطر ایئرویز کے علاوہ دیگر ملکوں نے بھی اپنے متعلقہ مراکز سے ریاض کے درمیان متعدد پروازیں منسوخ کیں، جن میں سے بعض منسوخیاں پیر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق حوثیوں کے جمعرات اور رواں ہفتے کے آغاز میں کیے گئے حملوں کے بعد بھی کئی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے پروازیں معطل یا منسوخ کردی تھیں۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ریاض میں توانائی اور سرمایہ کاری سے متعلق بڑے بین الاقوامی اجلاس ہونے والے ہیں۔

ان اجلاسوں کے منتظمین نے ہفتے کو اعلان کیا کہ تقریبات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی اور شرکا کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔

حوثیوں نے سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کی جانب سے رواں ماہ اپنے خلاف کارروائی شروع کیے جانے کے بعد سعودی فضائی حدود کو فوجی کارروائیوں کا علاقہ قرار دیتے ہوئے فضائی کمپنیوں کو اس فضائی حدود سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button