اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاک فوج کا فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج ہائپر سونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی(اے ون نیوز)پاک فوج نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، یہ میزائل جدید نیویگیشن اور ایویانکس سسٹم سے لیس ہے، جو انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل اپنے منفرد پروازی راستے اور دوران پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے، میزائل کی توسیعی رینج سے پاک فوج کی دور تک کارروائی کرنے اور دشمن کے اندرونی علاقوں میں موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سروسز چیفس نے فتح 2 میزائل کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 6 اکتوبر 2026 کو مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی رینج والے ورژن کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید ایویانکس اور جدید ترین نیوی گیشنل نظام سے لیس ہے اور طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے دوران میزائل میں شامل مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پیمانوں کی توثیق بھی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نئے ذیلی نظام میزائل کی درستگی اور بقا کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے شامل کیے گئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button