اہم خبریںتازہ تریندنیا

مکہ، مسجد میں ’نازیبا حرکت‘ کے جرم میں بنگلہ دیشی میاں بیوی کو سزائے موت

مکہ مکرمہ(اے ون نیوز)سعودی عرب میں حکام کی جانب سے مکہ مکرمہ کی ایک مسجد میں غیر اخلاقی فعل کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد دو بنگلہ دیشی میاں بیوی کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سزائے موت پانے والے اس بنگلہ دیشی جوڑے پر جرم کی سنگینی اور مقدس مقام کی حرمت پامال کرنے کے الزامات ثابت ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی سزا کی تعمیل کی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق سزائے موت پانے والے میاں بیوی کی شناخت نذیر الاسلام عبدالبصیر اور سیتی اختر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ سیکورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو گرفتار کیا تھا اور تحقیقات کے بعد معاملہ مجاز عدالت کو بھیجا گیا تھا۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے اور جائے وقوعہ کی حرمت کو مدنظر رکھتے ہوئے سزائے موت سنائی، جس پر متعلقہ اعلیٰ حکام کی توثیق اور شاہی فرمان جاری ہونے کے بعد 14 اکتوبر کو مکہ میں عمل درآمد کیا گیا۔

دوسری جانب جدہ میں واقع بنگلہ دیشی قونصل جنرل نے واضح کیا ہے کہ سزائے موت پر عمل درآمد سے قبل سعودی حکام کی جانب سے انہیں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی تھی۔

بنگلہ دیشی قونصل خانے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ پیشگی اطلاع نہ ملنے پر بنگلہ دیشی مشن نے سعودی وزارتِ خارجہ کو ایک باضابطہ مراسلہ (نوٹ وربل) ارسال کیا ہے جس میں اس کارروائی کے حوالے سے رسمی آگاہی اور تفصیلات کی درخواست کی گئی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ رسمی بیان میں مبینہ غیر اخلاقی واقعے کی نوعیت، مخصوص مسجد کے نام اور ان بنگلہ دیشی شہریوں کی گرفتاری کی تاریخ سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button