
ڈاکار ( اے ون نیو ز) سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کشتی دارالحکومت ڈاکار اور شمالی شہر سینٹ لوئس کے درمیان سمندر میں الٹی، جو اسپین کے کینری جزائر کی جانب رواں دواں تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیگال کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ لکڑی کی چھوٹی کشتی ملک کے شمال مغربی علاقے کیبیمیر کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، اب تک ایک شخص کو زندہ بچالیا گیا ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تعداد کا تعین نہیں ہوسکا۔
سینیگال کی تارکین وطن کی مدد کرنے والی تنظیم بوزا فائی کے سربراہ سالیو دیوف کے مطابق اب تک ملنے والی تمام لاشیں سینیگال کے شہریوں کی ہیں، جبکہ کشتی میں سوار دیگر افراد کی قومیت معلوم نہیں ہوسکی۔
سینیگال کے صدر باسرو دیومائے فائے نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش میں اپنی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔
صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر بیان میں انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔




