پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم تھری ایم پی او کے تحت گرفتار

پشاور (اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔
تینوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر پولیس کو گرفتاری پیش کی جس کے بعد پولیس انہیں اپنی تحویل میں لے گئی۔تینوں کی گرفتاری کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ پولیس نے عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت پشاور نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد تینوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وکلا کی مداخلت کے باعث اس وقت گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔
بعد ازاں تینوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں عدالت نے انہیں 23 نومبر تک عبوری ضمانت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں گرفتاری سے روک دیا تھا۔تاہم تینوں رہنماؤں کو اب تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔




