
ریاض(اے ون نیوز)سعودی عرب نے اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کے اندر اور بیرون ملک سے تقریباً 70 ہزار قدیم نوادرات واپس حاصل کرلیے ہیں۔
ان میں 28 ہزار 577 نوادرات ایسے ہیں جو مختلف ممالک سے واپس لائے گئے، جبکہ 41 ہزار سے زائد نوادرات سعودی عرب کے اندر سے برآمد یا شہریوں کی جانب سے حکام کے حوالے کیے گئے۔
سعودی گزٹ کے مطابق سعودی ہیریٹیج کمیشن نے انکشاف کیا ہے کہ 2026 تک واپس حاصل کیے گئے نوادرات کی مجموعی تعداد تقریباً 70 ہزار ہوچکی ہے۔ بیرون ملک سے واپس آنے والے نوادرات مجموعی تعداد کا 40 فیصد سے زیادہ ہیں۔
ان نوادرات میں قدیم تاریخی اشیا، تحریری کتبے اور مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والی نایاب چیزیں شامل ہیں، جو سعودی عرب کی تاریخ اور ثقافت کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
سعودی عرب کو بیرون ملک سے نوادرات کی واپسی کے سلسلے میں مختلف افراد اور اداروں کا تعاون بھی حاصل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں امریکا کے بعض خاندانوں نے سعودی عرب کو 1,127 تاریخی نوادرات واپس کیے تھے۔ یہ اشیا ان خاندانوں کے پاس موجود تھیں جن کے رشتہ دار 1960 کی دہائی میں سعودی عرب میں کام کرتے تھے اور اپنے قیام کے دوران یہ نوادرات اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
اسی طرح فرانس سے بھی ایک اہم تاریخی پتھر کا کتبہ سعودی عرب واپس لایا گیا۔ اس کتبے پر قدیم عربی تحریریں کندہ ہیں اور اس کا تعلق سعودی عرب کے علاقے تبوک سے بتایا گیا ہے۔
یہ تقریباً 40 سال تک ایک فرانسیسی شہری کے پاس موجود رہا۔ بعد ازاں سعودی حکام اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے تعاون سے اسے واپس حاصل کیا گیا۔
ملک کے اندر سے نوادرات کی واپسی میں سعودی شہریوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بعض افراد نے اپنی مرضی سے قدیم اشیا حکام کے حوالے کیں، جبکہ غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیے گئے نوادرات بھی ضبط کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں ایک شہری نے اسلامی دور سے تعلق رکھنے والا کانسی کا ایک قدیم برتن حکام کے حوالے کیا۔ اس برتن پر پھولوں کے نقش اور قرآنی آیات کندہ ہیں۔
اسی طرح بیشہ کے علاقے میں ایک شہری نے چھ تاریخی نوادرات واپس کیے، جن میں سے بعض کا تعلق اسلام سے پہلے کے زمانے سے بتایا گیا ہے۔ ان اشیا میں ایک ایسا پتھر بھی شامل تھا جس پر سورۃ الفلق کی آیات کندہ تھیں۔
سعودی عرب کے علاقے الاحسا میں ہیریٹیج کمیشن نے 2025 میں ایک نایاب تاریخی نوادر ضبط کیا تھا۔ یہ نوادر ابتدائی اسلامی دور سے تعلق رکھتا تھا اور اسے سوشل میڈیا کے ذریعے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
حکام کی جانب سے نوادرات کی واپسی اور غیر قانونی خرید و فروخت روکنے کے اقدامات کا مقصد ملک کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانا اور قدیم اشیا کو ان کے اصل ثقافتی اور تاریخی پس منظر سے جوڑنا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے تقریباً 70 ہزار نوادرات کی واپسی کو تاریخی ورثے کے تحفظ کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس میں بیرون ملک موجود اشیا کی واپسی کے ساتھ مقامی شہریوں کا تعاون بھی نمایاں رہا ہے۔




