اہم خبریںپاکستانتازہ ترینٹیکنالوجی

پاکستان کے ساحل کے قریب سب میرین کیبل میں خرابی، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر

اسلام آباد (اے ون نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے کہا ہے کہ زیرِ سمندر بین الاقوامی کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے 11 کلومیٹر دور سامنے آئی ہے، جس کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں عارضی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم SEA-ME-WE-5 (SMW5) میں خرابی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باعث ملک میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی کے مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر سامنے آئی ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے خرابی کی نوعیت اور اس کے اثرات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) خرابی کی اصل وجہ معلوم کرنے اور انٹرنیٹ سروسز کی مکمل بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے SEA-ME-WE-5 کنسورشیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔تاہم تاحال خرابی کی حتمی وجہ اور سروس کی مکمل بحالی کے لیے درکار وقت کے حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل میں خرابی کے ممکنہ اثرات کو کم سے کم رکھنے اور ملک میں انٹرنیٹ سروس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔اس انتظام کا مقصد متاثرہ کیبل پر انحصار کم کرتے ہوئے صارفین کو بلاتعطل انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور سروس کے معیار میں ممکنہ کمی کے اثرات کو محدود کرنا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق پی ٹی اے متعلقہ اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی معمول کے مطابق بحالی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور سروسز کی جلد از جلد معمول پر واپسی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button