
لاہور(اے ون نیوز)قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر لاہور عاطف میر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈی ایچ اے فیز 6 میں قائم کال سینٹر پر چھاپے کے دوران 23 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں نائجیرین اور چینی شہری بھی شامل ہیں۔
گرفتار افراد میں سے 10 سیاحتی ویزے پر پاکستان آئے تھے، جبکہ دیگر کاروباری ویزوں پر مقیم تھے۔
عاطف میر کے مطابق ملزمان نے جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے خواتین کی جعلی سوشل میڈیا آئی ڈیز بنائی ہوئی تھیں۔ وہ متاثرہ افراد سے خواتین کی شناخت اختیار کرکے رابطہ کرتے، دوستی اور رومانوی تعلق قائم کرنے کے بعد ان سے کریڈٹ کارڈز کی معلومات حاصل کرتے اور مختلف سرمایہ کاری کے نام پر رقم بھی ہتھیاتے تھے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ملی ہیں۔
ان کے مطابق تین چینی شہری اس نیٹ ورک کی نگرانی کر رہے تھے، جبکہ کال کرنے والے زیادہ تر افراد نائجیرین تھے۔ اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی میں 35 افراد پر مشتمل گروہ بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
عاطف میر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 276 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں دو بینک منیجرز بھی شامل ہیں۔ چھ گھروں پر چھاپے مارے گئے، جبکہ ایک ملزم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا جس پر اپنی اہلیہ کو بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار بینک منیجرز میں سے ایک نے مبینہ طور پر 900 افراد کا نجی ڈیٹا اسکیمرز کو فروخت کیا۔ یہ ڈیٹا فی شخص 150 روپے کے عوض فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث چار الگ الگ ملزمان بھی گرفتار کیے گئے، جبکہ اینٹی اسٹیٹ سرگرمیوں کے الزام میں شیخوپورہ سے دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق ایک ماہ کے دوران ساڑھے تین سے چار کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، جب کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب این سی سی آئی اے کے مقدمات میں ضمانت حاصل کرنا مشکل ہوچکا ہے۔
کرکٹر محمد رضوان سے متعلق سوال پر عاطف میر نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے اور آئندہ پریس کانفرنس میں اس معاملے کی تفصیلات بھی سامنے رکھی جائیں گی۔




