
راولپنڈی(اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
اس درخواست میں جیل کے اندر سیکیورٹی اور صفائی کے حوالے سے انتہائی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سیل سے سانپ اور زہریلے جانوروں کی برآمدگی: درخواست میں یہ سنسنی خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے اندر سے 7 سانپ، چوہے اور کاکروچ پائے گئے ہیں، جو ان کی جان کے لیے سنگین خطرے کا باعث بن سکتے ہیں اور جیل کی ناقص انتظامی و صفائی کی حالت کو ظاہر کرتے ہیں۔
درخواست میں ان کی بگڑتی ہوئی صحت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھیں شدید متاثر ہیں اور انہیں موتیا (Cataract) کا عارضہ لاحق ہے،جیل میں تعینات ڈیوٹی ڈاکٹر ماہرِ امراضِ چشم (Eye Specialist) نہیں ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بروقت اور مناسب طبی امداد نہیں مل پا رہی۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کی آنکھوں کے علاج اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے, یہ درخواست معروف قانونی ماہرین بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی ہے۔
دریں اثنا اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 سانپ برآمد ہونے سے متعلق خبروں کو سرسر من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ جیل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
انھوں نے آگاہ کیا کہ خواتین سمیت تمام قیدیوں کی صحت، صفائی اور حفاظت کے لیے باقاعدگی سے انسپکشن اور جراثیم کش اسپرے کیے جاتے ہیں، اس لیے میڈیا اور عوام سے گزارش ہے کہ غیر مصدقہ یا سنسنی خیز خبریں شائع کرنے سے گریز کریں اور کوئی بھی الزام لگانے سے قبل جیل انتظامیہ کا مؤقف لازمی حاصل کریں۔




