
لاہور(اے ون نیوز)سینئر صحافی، آزادی صحافت اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی لاہور میں 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
1936ء میں لکھنؤ میں پیدا ہونے والے حسین نقی قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور منتقل ہو گئے، ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، زمانہ طالب علمی ہی سے ترقی پسند طلبہ سیاست میں سرگرم رہے اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ ہوئے۔
حسین نقی کے انتقال پر صحافتی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں سوگ کی فضا ہے،وہ لاہور پریس کلب کے ممبر، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے سابق خزانچی اور موجودہ کونسل ممبر تھے،انہیں پاکستان کی صحافتی تاریخ میں توانا آواز اور نئی نسل کے صحافیوں کے لیے استاد اور مشعل راہ سمجھا جاتا تھا۔
حسین نقی نے ایوب خان کے مارشل لاء کے خلاف مزاحمت کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔انہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوری جدوجہد، انسانی حقوق اور آزادی صحافت کے لیے وقف کیے رکھی،ان کی نماز جنازہ آج اتوار دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی.




