اہم خبریںتازہ تریندنیا

بنگلہ دیشی حکومت کا شیخ حسینہ واجد کو بھارت سے واپسی پر گرفتار کرنے کا اعلان

ڈھاکہ(اے ون نیوز)بنگلہ دیش کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اگر بھارت سے وطن واپس آئیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ ان کی دسمبر میں ممکنہ واپسی کی خبروں کے بعد ملک میں سیاسی کشیدگی اور احتجاجی مظاہروں میں اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام نے اتوار کو انٹرویو میں کہا کہ شیخ حسینہ واجد جیسے ہی بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کریں گی، انہیں گرفتار کرلیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش چاہتا ہے کہ بھارت حوالگی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے شیخ حسینہ واجد کو واپس بھیجے تاکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر ’رائٹرز‘ کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ بھارت نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ لے رہا ہے۔

شیخ حسینہ واجد 2024 میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ وہ اگست 2024 سے بھارت میں مقیم ہیں۔ ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے اور انہیں بنگلہ دیش میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق 2024 کی شورش کے دوران ملک میں 1400 افراد تک ہلاک ہوئے تھے۔ شیخ حسینہ واجد نے دسمبر میں وطن واپسی کا منصوبہ بنایا ہے اور اس سے قبل نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی کوشش بھی کی تھی، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

شیخ حسینہ واجد کی ممکنہ واپسی کے اعلان کے بعد ان کی جماعت عوامی لیگ کے حامی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ جماعت نے رواں ماہ سابق وزیراعظم کی واپسی کے حق میں ایک ہفتے کے احتجاج اور جلسوں کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہوا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے متعدد واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں کئی پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے ہیں۔

شمع عبید اسلام نے ان واقعات کا ذمہ دار عوامی لیگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اپنی سیاسی بقا کے لیے تشدد کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔ دوسری جانب عوامی لیگ کے سینئر رہنما خالد محمود چوہدری نے الزام عائد کیا کہ ملک میں تشدد کی ذمہ دار موجودہ سیاسی قیادت ہے۔

بنگلہ دیشی وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت سے شیخ حسینہ واجد کو واپس لانے کے لیے کسی طیارے کے انتظام سے متعلق باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق ڈھاکا بھارت کے ساتھ متوازن تعلقات چاہتا ہے، لیکن اس میں بنگلہ دیش کی عزت، خودمختاری اور مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش نے میانمار پر روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے سفارتی دباؤ بھی بڑھا دیا ہے۔ یہ پیش رفت عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 2017 میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کو ریاستی سرپرستی میں نسل کشی قرار دیا گیا تھا۔

شمع عبید اسلام نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے سے بنگلہ دیش اور روہنگیا برادری کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی طاقت ملی ہے۔ ان کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کو عزت اور تحفظ کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جانے کا حق حاصل ہے۔

تقریباً 12 لاکھ روہنگیا پناہ گزین بنگلہ دیش میں مقیم ہیں۔ ان کی واپسی کی کوششیں میانمار میں جاری خانہ جنگی اور ریاست راکھین کے بیشتر حصے پر اراکان آرمی کے کنٹرول کے باعث متاثر ہوئی ہیں۔

بنگلہ دیشی وزیر مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ میانمار اور اراکان آرمی پر دباؤ بڑھائے تاکہ روہنگیا بحران کا خاتمہ اور پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی ممکن ہوسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button