
ہریانہ(اے ون نیوز)بھارتی ریاست ہریانہ میں دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر جہیز میں اپنی پسند کی مہنگی گاڑی نہ ملنے پر عین شادی کے روز بارات لے جانے سے انکار کر دیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق دلہن کے والد سبھاش کمار کی جانب سے پولیس کو درج کرائی گئی شکایت کے مطابق چھ ماہ قبل ان کی بیٹی حنا کی شادی دہلی پولیس میں تعینات کلدیپ سے طے پائی تھی، تاہم رشتہ طے ہونے کے بعد لڑکے والوں کی جانب سے گاڑی اور زیورات کے مطالبات سامنے آنے لگے۔
سبھاش کمار نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے دلہے کے لیے تقریباً ساڑھے 9 لاکھ بھارتی روپے کی مالیت رکھنے والی ’ہنڈائی اورا‘ گاڑی بک کروائی تھی، لیکن شادی سے ایک روز قبل انہیں پیغام بھجوایا گیا کہ اس گاڑی کے بجائے تقریباً 13 لاکھ روپے مالیت کی ’ماروتی بریزا‘ گاڑی دی جائے۔
دلہن کے والد کے مطابق انہوں نے پہلی بکنگ منسوخ کر کے نئی گاڑی تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم وقت کم ہونے کے باعث وہ بروقت انتظام نہ کر سکے۔
ایف آئی آر کے مطابق گاڑی کے علاوہ دلہے کے لیے دو تولہ سونے کی چین، اس کی والدہ کے لیے چار تولہ سونے کے جھمکے اور چاندی کی پازیب کا مطالبہ بھی مان لیا گیا تھا، جبکہ دولہے کے بڑے بھائی اور بھابھی کے لیے بھی زیورات کے آرڈر دیے جا چکے تھے۔
دلہن کے والد کا دعویٰ ہے کہ فرنیچر پر ایک لاکھ 32 ہزار روپے خرچ کیے گئے اور شادی کی مجموعی تیاریوں پر ان کے 25 سے 30 لاکھ روپے لگ چکے ہیں۔
دلہن کے اہلِ خانہ کے مطابق شادی کے روز 12 سو مہمانوں کے لیے کھانے اور دیگر شاندار انتظامات کر رکھے تھے۔
تاہم دلہا کلدیپ باقاعدہ بارات لانے کے بجائے اپنی والدہ کے ساتھ عام کپڑوں میں شادی ہال پہنچا اور بریزا گاڑی تلاش کرنے لگا۔ گاڑی نہ ملنے پر دونوں خاندانوں میں تلخ کلامی شروع ہو گئی۔
دلہن کے والد کا دعویٰ ہے کہ دلہے نے ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ بدزبانی کی اور دلہن کے بھائی ساحل سے جھگڑا بھی کیا۔ ان کے مطابق رشتہ داروں نے کلدیپ اور اس کی والدہ سے بار بار منت سماجت کی اور شادی کی رسومات مکمل کرنے کی درخواست کی، لیکن وہ نہیں مانے اور بالآخر تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔
دلہن کے والد کا کہنا ہے کہ لڑکے والوں کی جانب سے صرف 20 سے 30 افراد ہی تقریب میں آئے تھے اور دولہے کے جانے کے بعد دلہن کے کئی مہمان بھی کھانا کھائے بغیر رخصت ہو گئے جس سے خاندان کو شدید مالی نقصان اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد دونوں فریقین نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد سبھاش کمار نے تھانے میں تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور انہوں نے اپنی استطاعت کے مطابق تمام انتظامات کیے تھے۔
دلہن کے والد نے معاملے کی منصفانہ تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔




