لاہور (اے ون نیوز)آج رات سے 30 جون تک محکمہ موسمیات نے تباہ کن بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے.
تفصیلات کے مطابق ملک میں آج سے موسلادھار بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گا، آج رات سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش متوقع ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق عید پر بھی موسم خوش گوار رہنے کی توقع ہے، صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹس ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آج رات سے 30 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور سرگودھا میں بارش ہو سکتی ہے۔حافظ آباد، منڈی بہاﺅالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 26 سے 29 جون کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
موسلادھار بارشوں سے 26 اور 27 جون کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے، مسافر اور سیاح حضرات ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کسان حضرات برساتی موسم کی مطابقت سے زرعی معاملات ترتیب دیں، آندھی، شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔