سان جوز (اے ون نیوز)وسطی امریکی ملک کوسٹا ریکا میں ایک مقامی فٹبال کلب کا کھلاڑی مگر مچھ کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چکو کے نام سے مشہور جیسس البرٹو لوپز آرٹس کوسٹا ریکا کے شمال مغربی ریجن سینٹا کروز میں ایک مگر مچھ کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کوسٹاریکن اسینسو لیگ میں ڈی پورٹیوو ریو کیناس کی نمائندگی کرنے والے 29 سالہ چکو نے مشق کے لیے دریائے کیناس میں چھلانگ لگائی تاہم بدقسمتی سے وہ مگر مچھ کے حملے کی زد میں آ گئے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فٹبالر پر دریائے کیناس میں مگر مچھ نے حملہ کیا تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا فٹبالر دریا میں ڈوبا یا پھر مگر مچھ نے حملہ کرکے انہیں دریا میں گرایا۔
مگر مچھ فٹبالر کی لاش کو کھانے کے لیے گھسیٹ کر ساتھ بھی لے گیا جس کی وجہ سے پولیس کو فٹبالر کی لاش حاصل کرنے کے لیے مگر مچھ پر ہتھیاروں کا استعمال کرنا پڑا۔