
راولپنڈی(اے ون نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے پاکستان کے آئندہ صدر بننے سے متعلق گردش کرتی افواہوں پر پاک فوج کی جانب سے واضح تردید سامنے آ گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان افواہوں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
"صدر بننے کی کوئی بات زیر غور نہیں”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا:”فیلڈ مارشل عاصم منیر کے متعلق صدر پاکستان بننے کی قیاس آرائیاں سراسر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ ان میں کوئی حقیقت نہیں۔”
انہوں نے جنگ کے بعد کیے جانے والے سیاسی تجزیوں کو بھی مسترد کر دیا، اور کہا کہ "افواجِ پاکستان غیرسیاسی ادارہ ہے اور آئینی حدود کے اندر رہ کر ملک کی خدمت کرتی ہے۔”
بھارت کو واضح پیغام: "اس بار آغاز مشرق سے ہوگا”
انٹرویو کے دوران جب ڈی جی آئی ایس پی آر سے بھارت کی ممکنہ فوجی کارروائی پر ردعمل کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا:”اگر بھارت نے حملے کی حماقت کی، تو اس بار جواب کا آغاز بھارت کے اندر گہرائی سے ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ "وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔”