اہم خبریںتازہ تریندنیا

جنگ، ظلم اور مذہب کا غلط استعمال انسانیت کے لیے خطرہ ہے،پوپ لیو

ویٹی کن سٹی(اے ون نیوز)پوپ لیو نے کیمرون میں خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے جنگ، ظلم اور مذہب کے غلط استعمال کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو نے بامیندا میں امن سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگیں شروع کرنے والے رہنما یہ بھول جاتے ہیں کہ تباہی ایک لمحے میں آتی ہے مگر تعمیر میں پوری زندگیاں لگ جاتی ہیں۔

پوپ لیو نے اپنے دورۂ کیمرون کے دوران عالمی صورت حال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا چند ظالم حکمرانوں کے ہاتھوں تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر جنگوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں جب کہ تعلیم، صحت اور بحالی جیسے شعبے نظر انداز ہو رہے ہیں۔

انھوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ دنیا چند ظالموں کے ہاتھوں تباہ ہو رہی ہے اور مزید کہا کہ مقدس چیزوں کو اندھیرے میں گھسیٹنے والے قابل افسوس ہیں۔ پوپ لیو نے زور دیا کہ مذہب کو فوجی، معاشی یا سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا نہایت افسوس ناک عمل ہے اور ایسے رویوں کی مذمت کی جانی چاہیے۔

پوپ لیو نے اپنے خطاب میں حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے صلح کرانے والوں کو خوشخبری سنائی ہے، اس لیے عالمی رہنماؤں کو امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوپ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس سے عالمی سطح پر بحث چھڑ گئی ہے۔

کیمرون کے انگریزی بولنے والے علاقوں میں جاری تنازع، جو تقریباً ایک دہائی سے جاری ہے، ہزاروں جانیں لے چکا ہے اور لاکھوں افراد کو بے گھر کر چکا ہے۔ پوپ کے دورے سے اس بحران کے حل کی امیدیں بھی وابستہ کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذہبی رہنما مل کر امن کے قیام میں کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ تنازع ابھی مذہبی جنگ میں تبدیل نہیں ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button