
اسلام آباد(اے ون نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غریب و متوسط طبقے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت دے گئی اور ان کی ہدایت پر پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے میسیج کو بالکل مفت کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کا پیغام اب بالکل مفت بھیجا جاسکے گا، اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں وزیرِ اعظم فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام تک ریلیف پہنچایا جا رہا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے پہلے ‘REG’ لکھ کر اسپیس دی جائے، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر مفت پیغام بھیجا جائے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر بھی دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں رات 12 بجے سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا آغاز ہوگیا ہے، خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کے لیے ماناہ 20 لیٹر پیٹرول جب کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جب کہ اب ملک بھر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرول ریلیف پیکج پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت نے سبسڈی کا اعلان تو کردیا، تاہم پمپس مالکان کو رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق 14 ہزار ڈیلرز کا کاروبار خطرے میں ڈال کر ریلیف اسکیم نہیں چل سکتی، مالی تحفظ کی ضمانت نہ دی گئی تو کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں گے جب کہ زبردستی عملدرآمد کرایا گیا تو ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیے جائیں گے۔




