اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کے فراڈ کا مرکزی ملزم فہیم اکرم گرفتار

اسلام آباد(اے ون نیوز)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے امریکیوں کو جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت کے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔ امریکی حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد کرنے پر ایک لاکھ ڈالر کا انعام بھی مقرر کر رکھا ہے۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔ اس دوران ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے جب کہ 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

امریکی انتظامیہ نے بھی فہیم اکرم کی گرفتاری کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کر رکھا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم پر جعلی ڈاک اسکیم چلانے کا الزام ہے جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا تھا کہ ہم نے ملزم فہیم اکرم کی ویب سائٹ بند کر دی ہے البتہ اس کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم نے 2023 سے 2026 تک ایک ویب سائٹ کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے۔

حکام کے مطابق ملزم نے ہر ڈاک ٹکٹ دو امریکی ڈالر میں فروخت کیا اور مبینہ فراڈ کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے۔ ان میں ملزم کے اپنے، بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس شامل تھے۔

این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کیس کی جامع تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جو جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت، مالی لین دین اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی چھان بین کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button