اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد، لائبہ اعجاز خودکشی کیس کا مرکزی ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

اسلام آباد(اے ون نیوز)اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز سے فراڈ کے کیس میں زیرحراست ملزم نعمان پولیس پر فائرنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز سے فراڈ کے کیس میں زیرحراست ملزم نعمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ٹیم ملزم نعمان کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر زیرحراست نعمان زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم تھانہ رمنا کی حدود میں مبینہ خودکشی کرنے والی لائبہ کے مقدمے میں نامزد تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز مزید تعلیم کے لیے امریکہ جانا چاہتی تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق امریکی یونیورسٹی میں داخلے، ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر ان سے 70 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا، جس کے لیے ان کے والد نے اپنا پلاٹ فروخت کرکے 21 لاکھ روپے پیشگی ادا کیے، تاہم بعد میں داخلے کی دستاویزات جعلی نکلیں۔

اہل خانہ کا الزام تھا کہ مبینہ فراڈ سامنے آنے پر لائبہ شدید ذہنی صدمے کا شکار ہوئیں اور خود کشی کی۔ اس معاملے میں پولیس نے تحقیقات شروع کی تھیں، جب کہ لائبہ کے اہل خانہ نے مبینہ فراڈ میں ملوث شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نعمان نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم، ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے بہانے ان سے بھاری رقم وصول کرکے جعلی دستاویزات فراہم کی تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم پر مزید 9 افراد کو سرکاری ملازمتوں کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کرنے کا بھی الزام تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button