
کراچی(اے ون نیوز)ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آگیا۔
ملک بھر میں آٹا، گوشت، سبزیاں اور دالیں سب کی قیمتیں بڑھنے لگیں، کئی شہروں میں آٹے اور دالوں کی قیمت میں 50 روپے اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔
لاہور میں ایل پی جی کی بیشتر دکانیں بند ہوگئیں، مختلف شہروں میں ایل پی جی ساڑھے پانچ سو سے ساڑھے چھ سو کے درمیان دستیاب ہے۔
بلوچستان بھر میں گندم کا بحران سنگین ہوگیا ہے۔ خضدار ، چاغی، واشک،کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی۔
کوئٹہ میں سبزیوں،گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بھی بیس بیس فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔




