
سیالکوٹ(اے ون نیوز) ٹک ٹاکر "پتلو” کی شادی کی تقریبات گزشتہ تین دن سے جاری ہیں ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس اسٹیڈیم میں ٹک ٹاکر پتلو نے اپنے فین و فالوورز کے لیے انعامات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کر رکھا تھا جو کہ اسٹیڈیم کا گیٹ مقررہ وقت سے قبل کھول دیے جانے کے باعث اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی و متاثر ہوئے، جن میں سے ایک شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی چار ایمبولینسز اور ایک موٹر بائیک ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے تمام متاثرین کو علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا۔
ہسپتال میں زیر علاج عقیل ولد بشیر احمد (30 سال)، سکنہ بڈھا گورایہ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دیگر 13 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بڑے اجتماعات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں، دھکم پیل سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔مزید اس حادثہ کی تحقیقات کی جارہی ہے




