
نئی دہلی:بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر قوم کو وضاحت دیں، جس میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پانچ طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے وقت پانچ طیارے گرائے گئے، تاہم انہوں نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔ اس بیان کے بعد راہول گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام میں سوال اٹھایا کہ "مودی جی، ان پانچ طیاروں کا سچ کیا ہے؟ قوم کو سچ جاننے کا حق ہے۔”
راہول گاندھی نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی، جس میں ٹرمپ کا بیان موجود ہے۔ کانگریس پارٹی نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتنے بڑے واقعے کی تصدیق ہو رہی ہے تو حکومتی سطح پر خاموشی کیوں ہے؟
ادھر بھارتی فوجی حکام کے سابقہ بیانات بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان کے ایک پرانے انٹرویو میں وہ یہ کہتے سنائی دیے کہ "اصل سوال یہ ہے کہ طیارے کیسے گرے، نہ کہ یہ کہ وہ گرے یا نہیں۔”
واضح رہے کہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے بغیر شواہد الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ بعد ازاں 7 مئی کو کشیدگی کے دوران بھارت نے فوجی کارروائی کا آغاز کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے موثر دفاع کرتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے تھے، جن میں رافیل طیارے بھی شامل تھے۔