
راولپنڈی (اے ون نیوز)پاکستان آرمی ایوی ایشن میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس Z-10ME حملہ آور ہیلی کاپٹروں کی شمولیت کی تقریب مظفر گڑھ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم اور رات کے وقت بھی درست نشانہ لگانے، نائٹ سٹرائیک، ریڈار، اور الیکٹرانک وارفیئر جیسے جدید نظام سے لیس ہیں۔ یہ شمولیت پاکستان آرمی ایوی ایشن کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر ملتان گیریژن کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جوانوں کے جذبے، مہارت اور تیاری کی تعریف کی۔
ملتان میں ممتاز ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی نمائندگان سے ملاقات میں فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی کے لیے سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قومی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، اور بدلتے عالمی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔