اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

حکومت نے جماعت اسلامی کے آگے گھٹنے ٹیک دیے

لاہور(اےون نیوز)وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں،تین روز تک دھرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا جاری ہے جبکہ دھرنے سے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا اور اعلان کیا کہ دھرنا ایک ماہ چلے یا اس سے بھی زیادہ ہم تیار ہیں۔

لیاقت باغ میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھاکہ ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں ہورہی ہیں، جب اسلام آباد پہنچے تو کنٹینروں سے شہر بند تھا، نہ ہمارے کارکن تھکے نہ ہم ، پورے جذبے کے ساتے موجود ہیں، کارکن موجود رہیں کسی بھی وقت آگے بڑھنے کا بتادوں گا۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار کو برباد کردیا گیا، غریب کو پہلے ہی تباہ کردیا گیا تھا،  سرمایہ کار بھی اپنی ملیں بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، عوام پریشان ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، بجلی کے بلوں کی وجہ سے بھائی بھائی کو قتل کررہا ہے، یہ فارم 47 کی پیداوار حکومت ہے ان کی کوئی سنتا بھی نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک طبقے کیلئے بجلی اور گیس فری ہے، اب بچے بچے کو بات سمجھ آگئی کہ آئی پی پیز کیا بلا ہیں، آئی پی پیز میں سے 80 فیصد کمپنیاں پاکستان کے لوگوں کی ہیں، آئی پی پیز میں حکومت میں شامل لوگوں کی کمپنیاں ہیں، ایک کمپنی ایسی بھی ہے جس کا ایک یونٹ 750 روپے کا پڑتا ہے،  یہ پیسے ہم کیوں ادا کریں، اب ہم یہ پیسے ادا نہیں کریں گے، اب ان آئی پی پیز کو لگام بھی دینا پڑے گی ، دوبارہ بات بھی کرنا پڑے گی۔

حافظ نعیم کا کہنا تھاکہ حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو بااختیار کمیٹی بنائے اور ہماری کمیٹی سے بات کرے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ غریب عوام کو ریلیف مل جائے، حکومت ریلیف دینے کی بات کرے گی تو پھر بات آگے بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا ایک ماہ چلے یا اس سے بھی زیادہ ہم تیار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی دوران خطاب کارکنوں سے سوال کیا کہ کہاں جانا ہے؟ اس پر  کارکنوں نے جواب دیاکہ ’ڈی چوک، ڈی چوک‘۔ اس موقع پر حافظ نعیم کا کہنا تھاکہ ہاں تو بس ٹھیک ہے لیجائیں گے آپ کو ڈی چوک، ہر کام اپنے وقت پر ہوگا ابھی یہی چوک ہے، یہ مری روڈ ہے، کارکنوں ابھی مری روڈ پر موجود رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button