اسلام آباد (اے ون نیوز) وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ سروس کی بندش سے متعلق وضاحت کر دی، صرف سیکورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کا تعین کیا جائے گا، باقی ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز چلتی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں دعوٰی کیا گیا کہ تحریک اںصاف کے احتجاج کی کال کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ملک بھر میں رات 12 بجے کے بعد سے انٹرنیٹ سروس مکمل بند کردی جائے گی۔ تاہم اب اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کی وضاحت سامنے آئی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صرف سیکورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کا تعین کیا جائے گا، باقی ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز چلتی رہے گی۔