کولمبو(اے ون نیوز)سری لنکا نے پاکستان کو شکست دیکر ایشیا کپ 2023 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
252 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرلیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر252 رنز بنائے تھے۔ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سری لنکا کو بھی جیت کیلئے 252 رنز کا ہی ہدف دیا گیا۔
بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہونے پر دونوں اننگز کو پہلے 45، 45 اوورز بعد میں پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ رکنے پر 42، 42 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔پاکستان کیخلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوسل پریرا 17 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
سری لنکا کی دوسری وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر گری جب پاتھم نسانکا 29 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔تیسری وکٹ پر کوشل مینڈس اور سدیرا سمراوکرما کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ 29.4 اوورز میں 177 کے مجموعی اسکور پر سدیرا سمراوکرما 48 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔210 کے مجموعی اسکور پر کوشل مینڈس بھی 91 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔ جس کے بعد وکٹیں گرنے میں تیزی آگئی۔
داسن شناکا 2، دھننجایا ڈی سلو5 اور دونتھ ویلالج صفر پر پویلین لوٹ گئے۔کولمبو میں سری لنکا کیخلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ عبد اللہ شفیق اور فخر زمان کو بولرز کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور پانچویں اوور میں صرف 8 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کو فاسٹ بولر پرامود مدھوشان نے کلین بولڈ کردیا۔بابراعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم ہوئی لیکن 16 ویں اوور میں 73 کے مجموعی اسکور پردوسری وکٹ بھی گرگئی۔
بابراعظم 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔100 رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی 52 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے۔ 108 کے اسکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب محمد حارث صرف تین رنز بنانے کے بعد پاتھیرانا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔27.4 اوورز میں 130 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکت گری جب محمد نواز 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر میچ بارش شروع ہونے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔افتخار احمد نے 47 اور شاداب خان نے صرف تین رنز بنائے۔ محمد رضوان 86 اور شاہین آفریدی 1 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی طرف ماتھیشا پاتھیرانا نے 3، پرامود مادھوشن نے 2، مہیش تیکھشانا اور دونتھ ویلالج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی لنکن ٹیم کے خلاف بڑا اسکور کرکے ٹیم کو پریشر میں لائیں۔
بابراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز اعلان کردہ ٹیم میں دو تبدیلیاں مزید کی گئی ہیں امام الحق کمر میں درد جبکہ سعود شکیل بخار کے باعث پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔قبل ازیں میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے امپائرز نے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45، 45 اوورز تک محدود کردیا ہے۔