کرغزستان میں غیرملکی طلباء پر بلوائیوں کے حملے کے بعد پاکستانی سٹوڈنٹس بشکیک سےنکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان طلباء ایئرپورٹ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں،فلائٹ رات ساڑھے 10 بجے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرےگی۔اس کے علاوہ مزید فلائٹس بھی پاکستانیوں کو لے کر جلد واپس آئیں گی ، دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر برائے کشمیر امور امیر مقام کو بھی کرغزستان پہنچنے کا حکم دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر مقامی افراد نے حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی، تشدد سے متعدد طلبہ زخمی ہو گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کرغزستان کے شہر بشکیک میں مقامی اور غیر ملکی طلبہ کی لڑائی شروع ہوئی جس کی زد میں پاکستانی بھی آ گئے، مقامی افراد نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملہ کر کے وہاں موجود پاکستانیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد زخمی ہو گئے۔
حملہ آوروں نے ہاسٹل کے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے، واقعے کے بعد پاکستانی طلبہ خوفزدہ ہو گئے، ہاسٹل میں پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔