ملک بھر میں جاری شدید سرد موسم، برف باری اور سکیورٹی چیلنجز کی پیش نظر عام انتخابات ملتوی کرنے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی گئی۔
قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اور برفباری خیبر پختون خوا میں شہریوں کو سازگار ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے، امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے میں بھی بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔
قراردادمیں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام امیدواروں میں اس حوالے سے احساس محرومی اور خاص طور پر سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے امیدوار سکیورٹی مسائل سے متاثر ہورہے ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ غیر موزوں ثابت ہو رہی ہے، عام انتخابات کو 8 فروری کے بجائے موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات ملتوی کرانے کے لیے آج جمع کرائی گئی اس نوعیت کی یہ تیسری قرارداد ہے ، 2 روز قبل بھی ایوان بالا میں عام انتخابات کے التوا کی ایک قرارداد جمع کرائی گئی تھی، قرارداد فاٹا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر ہدایت اللہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 جنوری کو سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔
اس قرار داد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے قرار داد کی مخالفت کی تھی۔