اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ایف آئی آرکٹوانے والوں کو الیکشن کے بعد خود دیکھ لوں گا، بلاول بھٹو زرداری

کوٹلی(اے ون نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا یہ اہم ترین الیکشن ہے، گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں کچھ لوگ ہرشخص کو غدار اور قاتل قرار دیتے ہیں، لگتا ہے وہ پورے کشمیر کو دہشت گرد قرار دینا چاہتے ہیں، ایف آرآئی سے جیالوں کو نہیں ڈرایا جا سکتا، ایف آئی آرکٹوانے والوں کو الیکشن کے بعد خود دیکھ لوں گا۔

اتوار کو کوٹلی آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب بھی وہ کوٹلی آتے ہیں تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اپنے گھر آگئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں موجود نمائندے صرف پارٹی کے نمائندے نہیں بلکہ ان کے خاندان کے نمائندے ہیں۔

بلاول بھٹو نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جلاوطنی کے دنوں میں کبھی دبئی اور کبھی لندن میں رہنا پڑتا تھا تاہم اس تمام عرصے میں چوہدری یاسین ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے، انہیں اپنا بچپن یاد ہے جب بھی چوہدری یاسین پارٹی کے ساتھ موجود تھے اور آج بھی وہ اسی طرح پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے چوہدری یاسین کو وفاداری، استقامت اور بہادری کی سیاست کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی انتخابات جیتے اور جیل میں رہتے ہوئے بھی عوام کا اعتماد حاصل کیا جب کہ جن لوگوں نے انہیں جیل بھیجا تھا آج وہ خود جیل میں ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ اپنے وفادار کارکنوں کو انتخابی ٹکٹ دیے ہیں اور اسی پالیسی کے تحت مطلوب انقلابی کے بیٹے کو بھی پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کوٹلی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مطلوب انقلابی کے بیٹے کو کامیاب بنائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقصد صرف انتخابات جیتنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے اور اقتدار میں آکر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پارٹی کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس مرتبہ پہلے سے بھی بہتر نتائج حاصل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کوٹلی کی تمام نشستیں پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں اور آزاد کشمیر میں پارٹی اپنی حکومت قائم کرے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کی حمایت کرتے رہے ہیں اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑ کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کشمیر کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ لوگ ہر شخص کو غدار اور قاتل قرار دینے کی سیاست کر رہے ہیں جب کہ ایک یا دو ایف آئی آر درج ہونے سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ عناصر پورے کشمیر کو دہشت گرد قرار دینا چاہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے کارکن اس قسم کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سپاہی ہیں اور پارٹی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے والوں کو نہیں بھولیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات کے بعد وہ خود ان معاملات کو دیکھیں گے، عوام کو حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار دلانا ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پہلی مرتبہ وفاق کو شکست ہوئی اور پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا اور پاکستان کے فیصلہ ساز اداروں میں کشمیر کی نمائندگی ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جس طرح لاڑکانہ کا نمائندہ قومی اسمبلی میں موجود ہے، اسی طرح کوٹلی کا بھی ایک نمائندہ قومی اسمبلی میں ہو تاکہ کشمیری عوام اپنی آواز براہ راست پارلیمان میں پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں کیوں کہ موجودہ حالات میں ہر کشمیری شہری پریشان ہے۔

اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے نانا، دو ماموں اور والدہ کو شہید کیا گیا، اس لیے وہ شہداء کے لواحقین کے دکھ اور درد کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دشمن کے لیے بھی ایسا دکھ نہیں چاہتے۔

خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button