اہم خبریںتازہ ترینکینیڈا

کینیڈا نے والدین اور دادا دادی/نانا نانی کی مستقل سپانسرشپ کے لیے نئی درخواستیں غیر معینہ مدت تک معطل کر دیں

اوٹاوا (اےون نیوز) کینیڈا کی وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ فیملی ری یونین پروگرام کے تحت والدین اور دادا دادی/نانا نانی کو مستقل رہائش دلوانے کے لیے اس سال کوئی نئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈاکے مطابق یہ فیصلہ امیگریشن نظام کو بہتر انداز میں چلانے اور درخواستوں کے طویل التواء کیسز کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دی کینیڈین پریس کے مطابق اس وقت والدین اور دادا دادی/نانا نانی کی اسپانسرشپ پروگرام کے تحت 60 ہزار 500 درخواستیں زیرِ کارروائی ہیں، جبکہ ان کی پراسیسنگ میں اوسطاً 33 ماہ لگ رہے ہیں۔

صوبہ کیوبیک میں یہ مدت 66 ماہ تک پہنچ سکتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں دلچسپی دستیاب نشستوں سے کہیں زیادہ ہے، اسی لیے نئی درخواستوں پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے سے 2026 اور 2027 میں امیگریشن پلان کے تحت والدین اور دادا دادی/نانا نانی کی سپانسرشپ کے ذریعے 15 ہزار مستقل رہائشیوں کو قبول کرنے کا ہدف متاثر نہیں ہوگا۔

گزشتہ سال جاری کیے گئے امیگریشن لیولز پلان کے مطابق کینیڈا 2026 سے 2028 تک ہر سال 3 لاکھ 80 ہزار مستقل رہائشیوں کو قبول کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ اسی منصوبے کے تحت 2026 میں ورک پرمٹ اور طلبہ ویزوں کی تعداد بھی 2025 کے مقابلے میں تقریباً نصف کر دی گئی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد امیگریشن نظام کو زیادہ پائیدار بنانا اور آبادی میں غیر معمولی اضافے کو قابو میں رکھنا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل تک امیگریشن کے مختلف پروگراموں میں 21 لاکھ سے زائد درخواستیں زیرِ التوا تھیں، جن میں سے 9 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ درخواستیں مقررہ مدت سے تجاوز کر چکی تھیں۔

حکومت نے کہا ہے کہ والدین اور دادا دادی/نانا نانی کی مستقل اسپانسرشپ کے لیے نئی درخواستوں پر پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گی۔

تاہم کینیڈین شہری اور مستقل رہائشی اپنے والدین یا دادا دادی/نانا نانی کے لیے سپر ویزا کی درخواست بدستور دے سکتے ہیں، جس کے تحت وہ ایک وقت میں 5 سال تک کینیڈا میں قیام کر سکتے ہیں اور مجموعی طور پر 10 سال تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button