
کراچی (اے ون نیوز) شہر قائد کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کو لگنے والی آگ کے سبب دم گھٹنے اور جھلسنے سے اب تک 31 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 86 افراد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے آج مزید 3 نعشیں ملی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 31 تک پہنچ گئی جبکہ سرچ آپریشن کے دوران کچھ انسانی باقیات ملیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس سرجن کے مطابق 11 نعشوں کی شناخت ہوگئی، ڈی این اے سیمپل لے لئے گئے، 51 لواحقین کے نمونے بھی لئے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ مزید ایک لاپتہ شہری کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک سے رابطہ کر لیا، 65 سالہ جہانگیر شاہ کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک پر اندراج کروا دیا جس کے بعد لاپتہ شہریوں کی تعداد 86 ہوگئی۔
آگ سے متاثرہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن جاری رہا، گراؤنڈ، میزنائن اور فرسٹ فلور کو کلیئر کرا لیا گیا، بلڈنگ کا 40 فیصد سے زائد حصہ گر گیا، بلڈنگ کا باقی ڈھانچہ کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ گل پلازہ کی چھت سے کاروں سمیت 32 گاڑیاں اتار لی گئیں، عمارت کی چھت سے بڑے بڑے جنریٹرز بھی اتار لئے گئے۔




