اہم خبریںتازہ ترینخیبر پختونخواہ

سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، دہشتگرد اور سہولت کار کے خلاف کارروائی ہوگی، فیصل کریم کنڈی

پشاور(اے ون نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چارسدہ کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ڈی ایس پی عمران الدین اور شہید پولیس حوالدار کاظم جان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اے ون ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ ایپکس کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد اور سہولت کار دونوں کےخلاف کارروائی ہوگی اور سابق وزیراعلیٰ کے بارے میں بتایا کہ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کی بیخ کنی کا اٹل فیصلہ ہو چکا ہے، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا کو تمام وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان میں امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، افغان سرزمین سے فتنۃ الخوارج پاکستان کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں، مادر وطن کے لیے تمام سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد اور سہولت کار دونوں کے خلاف کا روائی ہوگی، پاکستان کے اندر بھی دہشت گردوں کے ہینڈلرز موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو فری ہینڈ دیا ہے، وزیر داخلہ نے پولیس کو جدید اسلحہ اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اب دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قوم کو گراؤنڈ پر نظر آئیں گی اور جو پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتا ان سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے، بین الاقوامی کمپنیوں کو معدنیات نکالنے کی دعوت دی ہے، معدنیات میں پہلا حصہ عوام کا پھر صوبے اور پھر وفاق کا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کے پاس وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ اور سارے سہولیات فراہم کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے میڈیا کو بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں تاہم پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button