اہم خبریںتازہ ترینسندھ

کراچی ، ڈارک ویب نیٹ ورک کے شکنجے میں پھنسی 13 سالہ بچی بازیاب

کراچی(اے ون نیوز)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آن لائن نیٹ ورک کے شکنجے میں پھنسی 13 سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا ہے۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق آن لائن نیٹ ورک مبینہ طور ڈارک ویب گروہ سے وابستہ تھا جہاں بچی کو مختلف خطرناک ٹاسک دیے جاتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بچی کو دیے گئے پہلے ٹاسک میں اسے بلی کو زہر دے کر مارنے کا کہا گیا تھا، جسے اس نے پورا کرلیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹاسک میں بچی کو خود کو شدید نقصان پہنچانے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم اس پر عمل درآمد سے پہلے این سی سی آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی تک رسائی حاصل کر لی اور اس کے والدین کو صورتِ حال سے آگاہ کیا۔

حکام کے مطابق والدین اپنی بیٹی کی آن لائن سرگرمیوں سے لاعلم تھے۔ این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بچی کو اس شکنجے سے نکالنے کے بعد اس کے ساتھ رابطے میں رہنے والے آن لائن اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جب کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد کیس کی مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس مبینہ نیٹ ورک نے دیگر کتنے بچوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ گروہ کی سرگرمیوں اور اس سے وابستہ افراد کے رابطوں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button