اہم خبریںپاکستانتازہ ترینٹیکنالوجی

پاکستان کی پہلی خاتون خلا کا سفر کریں گی

نیو یارک(اے ون نیوز)پاکستان، جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ کی پہلی خلا باز خاتون نمیرا سلیم ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئے امریکا پہنچ گئیں۔

نمیرا سلیم کراچی سے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس پہنچیں جہاں سے وہ پانچ اکتوبر کو خلا کا سفر کریں گی، نمیرا سلیم نے کہا کہ وہ خلا کا سفر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے روانہ ہوگا۔

دبئی میں مقیم نمیرا سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی پر بھی پاکستانی پرچم لہرا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ورجین گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔

بعد ازاں اگست میں اس کمپنی نے سیاحوں کیلئے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں بھی ایک پرواز سیاحوں کو خلا میں لے کر گئی۔ اس کمپنی کے آئندہ مشن میں نمیرا سلیم بھی موجود ہوں گی۔

اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاح سفر کریں گے جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی اسپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے۔

یہ اس کمپنی کی مجموعی طور پر چوتھی کمرشل خلائی پرواز ہوگی۔

خیال رہے کہ یہ کمپنی لگ بھگ 2 دہائیوں سے خلا کیلئے کمرشل پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔

انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کیلئے ٹکٹ بک کروالی تھی اور اب جا کر انہیں خلا میں جانے کا موقع مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button