اسلام آباد(اے ون نیوز)این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات کے التوا سے متعلق الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے،دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے نادرہ کے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کی بنا پر انتخابات ملتوی کیے،
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے التوا کے خلاف نون لیگ کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے درخواست دائر کی تھی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آف سرگودھا نے بھی الیکشن کمیشن سے وضاحت مانگی تھی، ریٹرننگ افسران کے مطابق مرحوم صادق علی کے بیٹے عبدالسلام نے وفات کی تاریخ 15 جنوری بتائی، سیکرٹری یونین کونسل کی تصدیق پر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنایا گیا، سیکٹری یونین کونسل کے مطابق نمبردار شمشاد علی نے فارم ب کی تصدیق کی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نمبردار شمشاد علی کے مطابق بے فارم پر اس کے دستخط جعلی ہیں،مرحوم امیدوار کی اہلیہ، بیٹی اور امام مسجد نے وفات دو جنوری کو ہونے کی تصدیق کی،ڈی آر او کی تحقیقات کے نتیجے میں ثابت ہوا کہ وفات دو جنوری کو ہی ہوئی تھی، ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی بنایا گیا، این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابی شیڈول جاری رہے گا،الیکشن کمیشن کا مرحوم امیدوار کے بیٹے کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔