اہم خبریںتازہ ترینکینیڈا

ٹورنٹو طیارہ حادثہ، ڈیلٹا ایئر لائنز کا متاثرین کو فی کس 84 لاکھ روپے دینے کا اعلان

ٹورنٹو (اے ون نیوز) ڈیلٹا ایئر لائنز نے اس ہفتے ٹورنٹو میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے متاثرین کو رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ وہ ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر (تقریباً 84 لاکھ روپے) فراہم کرے گی۔ ڈیلٹا کے ترجمان نے فوکس بزنس کو بتایا کہ یہ رقم طیارے میں سوار 76 مسافروں اور عملے کے چار افراد کو دی جائے گی۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس ادائیگی کی کوئی قانونی شرط یا اثر نہیں ہوگا اور متاثرین کے حقوق پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیلٹا کنکشن کی پرواز 4819 پیر کے روز ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارہ الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی تاہم تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ حادثے میں 21 افراد زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

طیارہ پیر کے روز منی ایپلس سینٹ پال ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں CRJ-900 طیارے کو الٹا اور جلا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ مسافر فوری طور پر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور کچھ نے اپنا سامان بھی ساتھ لے لیا۔

یہ حادثہ حالیہ مہینوں میں ہونے والے کئی فضائی سانحات میں سے ایک ہے۔ جنوبی کوریا میں جیجو ایئر کے طیارے کے ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ آذربائیجان ایئرلائنز کے حادثے میں 38 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے۔

شمالی امریکہ میں بھی فضائی حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔ 29 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی کے قریب 67 افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب ایک فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر امریکن ایئرلائنز کے کمرشل طیارے سے ٹکرا گیا۔ فروری میں الاسکا کے ساحل پر ایک مسافر بردار طیارہ گرنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button