
لاہور (اے ون نیوز)لاہور (خبر نگار)ممتاز دانشور،سینئر صحافی، معروف کالم نگار اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیرِ اعلی الطاف حسن قریشی کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز نمازِ ظہر کے بعد جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال،مماز صحافی مدیر اعلیٰ روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ،سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رکن قومی اسمبلی حافظ نعمان ، جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ،عثمان مجیب شامی،محمد نوشاد علی،حافظ اسعد عبید،احمر بلال صوفی،خالد ہمایوں،اسلم ڈوگر،چوہدری محمد فاروق،میاں مقصود احمد،،عرفان اطہر قاضی،مجاہد منصوری،اعجاز ذکی،خالد ارشاد صوفی،حاجی عزیز الرحمن چن،سلمان غنی،جمیل اظہر قاضی،محمد علی میاں،افضال ریحان،ڈاکٹر حسین پراچہ،مفتی حنیف قریشی،حفیظ اللہ نیازی،عامر خاکوانی،حافظ اسعد عبیدسید علی بخاری،فرخ سہیل گوئندی،ڈاکٹر وقار احمد،امیر حمزہ،منظور ملک احسان اللہ وقاص سمیت مختلف سیاسی،سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی مرحوم نے قومی صحافت، فکری رہنمائی اور نظریاتی ادب کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی تحریریں اور صحافتی خدمات آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی۔ملک محمد احمد خاں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ممتاز سینیئر صحافی، دانشور اور "اردو ڈائجسٹ” کے بانی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اطلاعات نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی مرحوم پاکستان میں صحافت کا ایک معتبر اور بڑا نام تھے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسن قریشی نے ہمیشہ اصول پسندی اور اعلیٰ اقدار کی صحافت کو فروغ دیا۔
عظمیٰ بخاری نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ الطاف حسن قریشی نے ‘اردو ڈائجسٹ’ کے ذریعے اردو ادب اور صحافت کی جو آبیاری کی، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے تحریر کردہ آرٹیکلز سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔
وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔




